نئی دہلی،13؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے حکومت کی ملک گیر مہم کے تحت ملک کے باشندوں کو آگے کی حکمت عملی سے آگاہ کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی منگل کی صبح دس بجے ایک بار پھر ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک ٹوئٹ کر کے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ”وزیر اعظم نریندر مودی 14 اپریل کو صبح دس بجے قوم سے خطاب کریں گے۔“ کورونا وبا کے پیش نظر پی ایم مودی کا قوم کے نام یہ چوتھا خطاب ہوگا۔
پی ایم مودی نے گزشتہ 24 مارچ کو ہم وطنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کورونا وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں 21 دن کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ یہ مدت کل یعنی منگل کو ہی ختم ہونی ہے۔
پی ایم مودی نے گزشتہ ہفتہ کو کورونا وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ اس اجلاس میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کے سلسلے میں تقریباً تقریباً اتفاق ہوگیا تھا۔ وزیر اعظم ملک کے باشندوں کو اس رضامندی کی بنیاد پر کورونا سے لڑنے کے لئے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات اور لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے یا نہ بڑھانے کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ اس اجلاس کے بعد کچھ رایاستوں نے اپنے یہاں لاک ڈاؤن کی مدت 30 اپریل تک بڑھانے کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے۔
اس سے پہلے پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ میں بھی پی ایم مودی نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ریاستوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔